اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، اربعین حسینیؑ کے زائرین کو پیش آنے والے المناک ٹریفک حادثے کے بعد، جس میں متعدد عراقی شہری شہید ہوئے، صوبہ بصرہ کے گورنر نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے صوبے میں تین روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کیا ہے۔
عراقی سرکاری خبر رساں ایجنسی (واع) کے مطابق، بصرہ کے گورنر اسعد العیدانی نے جمعرات کے روز کربلا کی جانب پیدل سفر کرنے والے زائرین کے المناک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا۔
گورنر آفس کے شعبۂ اطلاعات و سرکاری رابطہ کاری کی جانب سے جاری بیان میں ہلاکتوں کی حتمی تعداد بیان نہیں کی گئی، تاہم کہا گیا کہ امام حسینؑ کے اربعین کی روحانی زیارت کے لیے جانے والے متعدد شہری اس حادثے میں شہید ہوئے، جس پر صوبہ بصرہ سوگوار ہے۔
دریں اثنا، عراق کی مختلف سیاسی اور سماجی شخصیات نے اس سانحے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زائرین کی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ حادثے کی وجوہات کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور آئندہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچنے کے لیے کربلائے معلیٰ جانے والی تمام شاہراہوں پر مؤثر ٹریفک اور حفاظتی انتظامات کیے جائیں۔
آپ کا تبصرہ